نیویارک،27ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)امریکی نیوز ایجنسی بلومبرگ کی جانب سے دنیا کی 50موثرترین شخصیات کی ایک فہرست شائع کی ہے جس میں سعودی عرب کے نائب ولی عہد اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان کا نام بھی شامل کیا گیا ہے۔بلومبرگ کی رپورٹ میں مختلف شعبہ ہائے زندگی بالخصوص اخبارات کے ایڈیٹروں، صحافیوں، معیشت کے شعبے سے وابستہ شخصیات، تاجروں اور سیاست دانوں کو شامل کیا گیا۔ پہلے مرحلے میں100عالمی موثر شخصیات کی ایک فہرست مرتب کی گئی تھی جن میں چھان پھٹک کے بعد 50شخصیات کی حتمی فہرست جاری کی گئی۔ ان میں شہزادہ محمد بن سلمان 42ویں موثر ترین عالمی شخصیت قرار دیے گئے ہیں۔یورپی یونین سے نکلنے کے فیصلے کے بعد بے چینی کے دور سے گذرنے والے برطانیہ کی وزیراعظم تھریسا مے اس فہرست میں سر فہرست ہیں۔ اس کے علاوہ دونوں امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ اور ہیلری کلنٹن بھی شامل ہیں کیونکہ دونوں دنیا کی سپر پاور کا صدر بننے کے خواب دیکھ رہے ہیں۔
مشرق میں چین کے صدر کو اس فہرست میں شامل کیا گیا۔ عالمی بحرانوں کا سامنا کرنے کے باوجود چینی قیادت نے اپنے ملک کو اقتصادی طور پرمتاثر ہونے سے بچالیا۔پوری عرب دنیا سے شہزادہ محمد بن سلمان اس فہرست کا حصہ بنے ہیں۔ شہزادہ محمد بن سلمان کا ’’اکنامک ویژن‘‘دنیا بھر میں پسند کیا گیا اور اس کے سعودی عرب، خطے اور پوری دنیا پر گہرے اور دور رس سیاسی، اقتصیادی اور تجارتی اثرات مرتب ہوں گے۔فہرست میں گیارہ خواتین میں جرمن چانلسر انجیلا میرکل کو بھی جگہ دی گئی ہے۔ میرکل نے دو صدیوں کے بدترین بحرانوں اور پناہ گزینوں کے قضیے کے حل کے لیے موثر حکمت عملی اختیار کرنے پر اس فہرست میں شامل کیا گیا۔حسب معمول روس کے صدر ولادی میرپوتن کو بھی اپنے ملک کو سیاسی اور اقتصادی استحکام سے ہم کنار کرنے پر پچاس موثر ترین شخصیات میں شامل کیا گیا۔ دیگر موثر شخصیات میں چین اور برطانیہ کے مرکزی بنکوں کے گورنر اور امازون کمپنی سمیت کئی دوسری عالمی کمپنیوں کے سربراہان شامل ہیں۔